اسلام آباد۔معروف ٹیکنالوجی،کنسلٹنگ اور آؤٹ سورسنگ فرم ابیکس کنسلٹنگ کو پاکستان کے آئی ٹی کے منظر نامہ میں اس کے شاندار کردار پر ایل سی سی آئی پریذیڈنٹ آئی ٹی ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ایوان صدر اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں پاکستان کے ٹیکنالوجی کے منظر نامہ میں کلیدی کردار ادا کرنے اور ملکی معیشت میں حصہ ڈالنے پر ابیکس کے کردار کو سراہا گیا۔
صدر پاکستان جناب ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے ابیکس کنسلٹنگ کی سی ای او فاطمہ اسد کو ایوارڈ پیش کیا گیا۔اس موقع پر فاطمہ اسد کا کہنا تھا کہ ”وہ اس اعزاز پر صدر پاکستان جناب ڈاکٹر عارف علوی اور ایوان تجارت و صنعت لاہور کی انتہائی مشکور ہیں،انہوں نے کہا کہ یہ ایوارڈدنیا بھر میں اپنے کلائنٹس کو ٹاپ آف دی لائن ٹیکنالوجی سالوشنز فراہم کرنے میں ہماری اختراع کا ثبوت ہے،انہوں نے اس ایوارڈ کو ابیکس ٹیم سے منسوب کرتے ہوئے مزیدکہا کہ’عالمی معیار کے سالوشنز فراہم کرنے اور اپنے کلائنٹس اور شراکت داروں کیلئے قدر پیدا کرنے کا ہمارا عزم حقیقی معنوں میں ہمارے لوگ ہیں،جن کے بغیر یہ سب ہر گز ممکن نہ تھا۔
‘
گزشتہ تین دہائیوں سے ابیکس کنسلٹنگ کاروباری ارتقاء کے وسیع پورٹ فولیو کے ساتھ پاکستان کی معروف ٹیکنالوجی کمپنیوں میں سے ایک ہے،جوانٹر پرائز سسٹمز،ڈیجیٹل ٹرانفارمیشن سالوشنز،انٹر نیشنل/پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ،بزنس پروسیس آؤٹ سورسنگ،کلاؤڈ و ایمرجنگ ٹیکنالوجیز،ہیومین کیپیٹل سالوشنز اور حکمت عملی و مالیاتی مشاورت فراہم کرتی ہے۔گزشتہ برسوں کے دوران ابیکس نے عالمی رہنماؤں کے ساتھ گہری شراکت داری اوراپنے عالمی نقوش کو وسیع کرنے میں مستقل سرمایہ کاری پر توجہ مرکو ز کرتے ہوئے ترقی کی ہے۔دنیا کی چند معروف ٹیکنالوجی فرمز جیسے،سیپ،امیزون ویب سروسز،گوگل کلاؤڈ،مائیکرو سافٹ،UiPath اور دیگر کے اسٹریٹجک پارٹنر کے طور پر ابیکس پاکستان کا ایک سرکردہ آئی سی ٹی بر آمد کنندہ ہے،اس سے قبل ابیکس نے مسلسل پانچ برس
2017, 2018, 2019, 2020, 2021تک سیپ پلیٹ فارم پر اپنی شاندار کاکردگی اور مارکیٹ لیڈر شپ پر معتبر
SAP's Partner of the Year MENA' ایوارڈ بھی جیتے تھے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ“ملکی ترقی کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا فروغ ناگزیر ہے اور یہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،ملک میں آئی ٹی کی بر آمدات کو اربوں ڈالرز تک بڑھانے کی بھرپورصلاحیت ہے،اور کوویڈ کے دوران آئی ٹی کی اہمیت میں اور بھی زیادہ اضافہ ہوگیا ہے اور سال2023تک ملکی آئی ٹی بر آمدات5ارب ڈالرز کی سطح کو چھو سکتی ہیں۔“
ایوان تجارت و صنعت لاہور کے صدر میاں نعمان کبیر نے حکومت کی جانب سے آئی ٹی سی سیکٹر کیلئے اٹھائے گئے حالیہ اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سیکٹر کی 40تا45فیصد کی شرح سے کرتی ترقی نے دیگر شعبوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے،انہوں نے حکومت اور تاجر برادری کے درمیان مسلسل تعاون کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
صدر عارف علوی اور ایل سی سی آئی کے صدر میاں نعمان کبیر نے ایل سی سی آئی کے پہلے آئی ٹی ایوارڈ ایڈیشن کے فاتحین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنی اپنی نیک تمناؤ ں کا اظہار کیا۔